گجرات میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا بھاری اسلحے سے حملہ ‘ جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد مارے گئے ‘ چھ فرار

جمعرات 30 جولائی 2015 15:40

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) گجرات میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے حملہ کیا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے چھ موقع سے بھاگ نکلے ‘ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے ‘ واقعہ میں دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔پولیس کے مطابق گوٹریالہ پولیس چوکی پر دس دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا۔

ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ شروع کردی گئی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو کانسٹیبل احسان اور معظم زخمی ہوگئے۔ آٹھ دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے ایک دہشت گرد کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ‘ دوسرے دہشت گرد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈ، دو کلاشنکوف سمیت ہزاروں گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ ڈی پی او رائے ضمیر نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک دہشت گرد ممتاز نے 1997 کو سرائے عالمگیر میں مسافر بس پر حملہ کرکے آٹھ افراد کو قتل کیا تھا ملزم نے کھاریاں میں دو پولیس اہلکاروں اور سرائے عالمگیر میں دوران ڈکیتی دو افراد کو بھی قتل کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :