فورٹرس ناکہ پر فوجی وپولیس اہلکاروں کو زدوکوب کرنیوالی خاتون گرفتار،اہم سیاسی شخصیت کی بھتیجی ہے:ذرائع

جمعرات 30 جولائی 2015 15:14

فورٹرس ناکہ پر فوجی وپولیس اہلکاروں کو زدوکوب کرنیوالی خاتون گرفتار،اہم ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی2015ء) فورٹرس آرمی ناکہ پر خود کو اہم شخصیت کی بھتیجی کہنے والی کار سوار خاتون نے آرمی و پولیس اہلکارون کو زدوکوب کیا اور کار سرکار میں مداخلت کی جس پر اسے گرفتار کرکے نائب صوبیدار محمد عارف کی درخواست پر سنگین دفعات کے تحت تھانہ شمالی چھاﺅنی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون موقع پر اپنے آپ کو اہم سیاسی شخصیات کا رشتے دار بتاتی رہی اور اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

فورٹریس ناکہ پر آرمی اور پولیس اہلکار موجود ہوتے ہیں جو کسی بھی گاڑی اور لوگوں کی شناختی دستاویزات بھی چیک کرتے ہیں۔ گزشتہ رات ایک لگژری گاڑی نمبر LEL180 پر سوار خاتون اور اس کے ڈرائیور کو ناکہ پر روکا گیا اور ان سے گاڑی کی چیکنگ کے بعد شناختی دستاویزات طلب کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس دوران کار سوار خاتون نے اونچی آواز میں بولنا شروع اور گاڑی سے نکل کر نائب صوبیدار محمد عارف اور پولیس اہلکار کو زدوکوب کرنا شروع کردیا۔

نائب صوبیدار نے اپنے سینئر کو واقعہ سے آگاہ کیا، جونہی افسران موقع پر پہنچے تو خاتون نے ان کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے فوجی اور پولیس اہلکار کی یونیفارم بھی پھاڑدی جس پر خاتون کو گرفتار کرکے تھانہ شمالی چھاﺅنی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے خاتون کے خلاف نائب صوبیدارمحمد عارف کے بیان پر مقدمہ 985/15 زیر دفعہ 353,186 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا اور خاتون کو حوالات میں بند کردیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کا نام رئیسہ بی بی اور وہ گرین ٹاﺅن کی رہائشی بتائی گئی ہے جو خود کو ایک اہم سیاسی شخصیت کی بھتیجی بتاتی ہے۔ اس نے دیگر کئی اہم سیاستدانوں کے نام لے کر اہلکاروںکو دھمکی دی کہ وہ ان کی رشتے دار ہے۔ اس سلسلہ میں جب تھانہ شمالی چھاﺅنی رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خاتون رئیسہ کے خلاف مقدمہ کے اندراج اور آرمی و پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کرنے کی تصدیق کی ہے۔