مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیرقیادت پنجاب اسمبلی چوک تک ڈینگی آگاہی واک

جمعرات 30 جولائی 2015 14:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اینٹی ڈینگی کے موقع پر محکمہ صحت کے زیراہتمام منعقدہ آگاہی واک کی قیادت کی جس میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ رخسانہ کمال، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر سید اسلام ظفر، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر فرخ سلطان ، محکمہ صحت کے ملازمین اور نرسنگ سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

واک ڈی جی ہیلتھ کے دفتر سے شروع ہوکر پنجاب اسمبلی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی صحت کے ساتھ ایک سوشل مسئلہ بھی ہے اور اس مسئلہ پر مکمل طور پر قابو پانے کیلئے بھرپور عوامی شرکت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اینٹی ڈینگی ڈے منانے کا مقصد عوام کی توجہ اس مسئلہ کی طرف مبذول کرانا ہے تاکہ وہ اپنے گھروں کے اندر ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں اور چھتوں اور دیگر جگہوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ پنجاب میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 10ہے جس میں سے 4مریض مقامی طور پر رپورٹ ہوئے ہیں اور 6مریض پنجاب سے باہر کے ہیں تاہم بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد ، راولپنڈی اور ملتان سے ڈینگی لاروا رپورٹ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی طرف سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس جاری ہے لیکن گھروں کے اندر صفائی رکھنا لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج کے انتظامات مکمل ہیں لیکن اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض کسی ہسپتال میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کے موسم کی وجہ سے سرکاری محکموں اور لوگوں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے تاکہ ڈینگی سر نہ اٹھا سکے۔