چکدرہ تا مینگورہ روڈ کی تعمیر نو کا کام موسم برسات ختم ہونے کے بعد جلد مکمل کیا جائے گا ، منصوبہ کیلئے سعودی عرب 3 ارب 10 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرے گا

وزیر مملکت برائے مواصلات شیخ آفتاب احمد کا قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب

جمعرات 30 جولائی 2015 14:36

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) وزیر مملکت برائے مواصلات شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ چکدرہ تا مینگورہ روڈ کی تعمیر نو کا کام موسم برسات ختم ہونے کے بعد جلد از جلد مکمل کیا جائے گا ، مذکورہ منصوبہ کیلئے سعودی عرب 3 ارب 10 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرے گا ۔ وہ جمعرات کو یہاں قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت احمد زیب کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے ۔

وزیر مملکت برائے مواصلات شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ چکدرہ تا مینگورہ روڈ کی لمبائی 36 کلو میٹر ہے جبکہ اس کی بحالی کیلئے 2014ء میں ٹھیکہ دیا گیا اور کافی حد تک کام ہوچکا ہے تاہم 24 کلومیٹر کا حصہ انتہائی خراب ہے جبکہ موسم ٹھیک ہونے کے بعد کام شروع کیا جائے گا ۔ رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا اور اس کو ٹی ایس ٹی سے بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے انکوائری کرکے رپورٹ فراہم کی جائے ۔ اس پر وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ تمام سڑکوں کی تعمیر این ایچ اے کی ذمہ داری ہے ۔ این ایچ اے کے متعلقہ ممبرا جنرل منیجر معزز ایم این اے نے خود رابطہ کرکے مزید وضاحت کریں گے ، مذکورہ سڑک سعودی عرب سے 3.1 ارب روپے کی گرانٹ ملنی ہے جس کے ملتے ہی یہ سڑک مکمل ہوجائے گی ۔ قبل اس کے ایم این اے مسرت احمد زیب نے قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ چکدرہ تا مینگورہ سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے جبکہ یہاں سفر کرنے والے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔