پانچ سالوں میں پنجاب میں چار صحافی ‘ سندھ میں 17‘ خیبر پختونخوا میں 7‘ بلوچستان میں17،اسلام آباد میں ایک صحافی جاں بحق

صوبوں اور اسلام آباد میں سیکورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے ‘ انجینئر بلیغ الرحمن

جمعرات 30 جولائی 2015 13:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ پانچ سالوں کے دور ان پنجاب میں چار صحافی ‘ سندھ میں 17‘ خیبر پختون خوا میں 7‘ بلوچستان میں17اور اسلام آباد میں ایک صحافی جاں بحق ہوا جمعرات کو وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پنجاب میں چار صحافی جاں بحق و پانچ زخمی ہوئے، سندھ میں 17 جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، خیبرپختونخوا میں 7 جاں بحق و ایک زخمی جبکہ بلوچستان میں 17 جاں بحق، اسلام آباد میں 2011ء میں ایک جاں بحق و 6 زخمی ہوئے جبکہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کوئی صحافی گزشتہ پانچ سالوں میں جاں بحق و زخمی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، اسلام آباد میں واقع میڈیا کے اداروں کی ضروریات سے متعلق سیکورٹی کا جامع جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیکورٹی آڈٹ کیا گیا ہے، وزیراعظم نے وزیر داخلہ و وزیر اطلاعات و نشریات کے تحت کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں تاکہ میڈیا ہاؤسز کو درپیش سیکورٹی خطرات کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں اور اسلام آباد میں سیکورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔