پمزکو خودمختار انتظامیہ اور بورڈ آف گورنرز کے ماتحت کرنے کے لئے سفارشات وفاقی محتسب میں پیش

جمعرات 30 جولائی 2015 13:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کو خودمختار انتظامیہ اور بورڈ آف گورنرز کے ماتحت کرنے کی ضرورت ہے جو کہ مارکیٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور صحیح قابلیت کے افراد کو ہسپتال چلانے کے لئے مقرر کرے یہ سفارشات 145 صفحہ کی وفاقی محتسب کمیٹی رپورٹ میں دی گئی ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پمز کو مکمل طور پر خودمختار انتظامیہ کی ضرورت ہے جو کہ اس وقت ہی ممکن ہے جب اسے ایک اعلیٰ سطح کا بورڈ چلائے جس کو سرکاری و نجی شعبہ کی مدد حاصل ہو۔

کمیٹی نے سفارشات دی ہیں کہ بورڈ آف گورنر صدر پاکستان کو ہونا چاہئے یا شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل کالج کا چانسلر ہو اور اس کے ممبرز وزیر خزانہ‘ وزیر ترقی و منصوبہ بندی‘ سینٹ کے قائد حزب اختلاف‘ وائس چانسلر ایس زیڈ اے جی ایم یو اور دو معروف صحت کے ماہرین ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پمز کے لئے پرائیویٹ یا سرکاری شعبہ سے ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کرنا چاہئے جس کے پاس ایم بی بی ایس اور ہاسپیٹل مینجمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری ہو اور دس سال کا ہسپتال میں پڑھانے کا تجربہ بھی ہو یہ ایدمنسٹریٹر بورڈ آف گورنر کو رپورٹ کرنے کا اہل ہو گا کمیٹی نے ہسپتال میں ہونے والی بدانتظامیوں اور دیگر معاملات پر تفصیلی سفارشات دی ہیں جن پر عمل درآمد کروانے کی سفارش کی ہے۔