تحریک انصاف کے دھرنے کیلئے ڈالروں میں پیسہ آیا ، ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ، دھرنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں ، کراچی میں امن کا قیام ضروری ہے ، دہشتگرد ذہنیت کو ختم کرنا ہوگا ، جنگ کے ذریعے تھوڑے وقت کیلئے امن قائم ہوسکتا ہے

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 30 جولائی 2015 13:20

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنے کیلئے ڈالروں میں پیسہ آیا اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں ، کراچی میں امن کا قیام ضروری ہے لیکن دہشتگرد ذہنیت کو بھی ختم کرنا ہوگا ، جنگ کے ذریعے تھوڑے وقت کیلئے امن قائم ہوسکتا ہے مگر طویل المدت امن کیلئے بہت سے کام کرنے ہیں ۔

وہ جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں ، دھرنے سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ تحریک انصاف کے دھرنے میں پیسے ڈالروں کی شکل میں آئے لیکن کہاں سے آئے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں فیصلے انتقام کی بنیاد پر ہوتے ہیں انصاف سے فیصلے ہونے چاہیے ۔ حکومت بڑے بڑے منصوبے لیکر آئی ہے وہ تب ہی کامیاب ہوں گے جب ملک میں جمہوری استحکام ہوگا ، وزیرستان آپریشن میں دینی مدارس تباہ ہوئے ، ان کو تعمیر نہیں کیا گیا جس سے ایک مرتبہ پھر وہی ذہنیت دوبارہ اٹھ سکتی ہے کہ حکومت نے شعائر اسلام کو نقصان پہنچایا ہے ۔