سپریم کورٹ بینظیر بھٹو قتل کیس ، پرویز الٰہی ، حمید گل اور اعجاز شاہ کے نام شامل کرنے کی درخواست خارج

جمعرات 30 جولائی 2015 12:28

سپریم کورٹ بینظیر بھٹو قتل کیس ، پرویز الٰہی ، حمید گل اور اعجاز شاہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) سپریم کورٹ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز الٰہٰی ، حمید گل اور اعجاز شاہ کے نام شامل کرنے کی درخواست خارج کر دی ہے۔درخواست گزار ایڈووکیٹ کلثوم خالق نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بینظیر بھٹو قتل کیس کے حوالے سے اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ پر عملدرآمد کیا جائے۔

(جاری ہے)

بینظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز الہٰی، حمید گل، اعجاز شاہ کا نام شامل کیا جائے ، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ یہ مفاد عامہ کا کیس نہیں درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ ایڈووکیٹ کلثوم خالق نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ بینظیر بھٹو عوامی لیڈر تھیں جنہیں قتل کیا گیا۔ اس لئے یہ مفاد عامہ کا کیس ہے جس کی عدالت عظمیٰ سماعت کرے ، جسٹس جواد ایس خواجہ نے اپیل پر چیمبر میں سماعت کی اور رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔