مادر ملت فاطمہ جناح کا 122واں یوم پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا

جمعرات 30 جولائی 2015 11:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) مادر ملت فاطمہ جناح کا 122واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی بہن فاطمہ جناح 30 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انھوں نے 1922 میں کلکتہ یونیورسٹی سے دندان سازی کی تعلیم مکمل کی اور پھر قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان میں شامل ہو گئیں اور خواتین میں سیاسی شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف شہروں میں تعلیمی مراکز قائم کئے۔

آپ نے 1947 میں دہلی کو الوداع کہہ کر کراچی میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔

(جاری ہے)

فاطمہ جناح نے پاکستان کی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا، 1947 سے پہلے ان کا تعلق آل انڈیا مسلم لیگ سے رہا لیکن اس کے بعد وہ پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں سرگرم رہیں۔ 1965 میں متحدہ حزب اختلاف کے پلیٹ فارم سے جنرل ایوب خان کے مقابلے میں پر اتریں اور ملک میں جمہوریت کے قیام کے لئے جرات مندانہ قدم سے اپنا نام ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے درج کرایا۔محترمہ فاطمہ جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب اور پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کی پاکستان کے لئے جدوجہد پر انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور اور ان کی لا زوال خدمت پر روشنی ڈالی گئی ۔