راولپنڈی ،بہاولپور اورسرگودھا میں سزائے موت کے چار قیدیوں کو تختہ دار پرلٹکادیاگیا

جمعرات 30 جولائی 2015 11:28

راولپنڈی /بہاولپور/سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء )راولپنڈی ،بہاولپور اورسرگودھا میں سزائے موت کے چار قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی جبکہ تین مجرموں کی پھانسی موخر کر دی گئی، قانونی کارروائی کے بعد مجرمان کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں،پنجاب کی مختلف جیلوں میں چار روز کے دوران پھانسیوں کی تعداد 16 ہو گئی،سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے 170 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے ۔

جمعرات کو سرگودھا کی ڈسٹرکٹ جیل میں سزائے موت کے قیدی طارق کو پھانسی دی گئی۔مجرم طارق نے پندرہ برس قبل دیرینہ عداوت پر مخالف کو قتل کر دیا تھا۔بہاولپور سنٹرل جیل میں بھی قتل کے مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم اسرار نے زمین کے تنازع پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

(جاری ہے)

اڈیالہ جیل میں دو افراد کو قتل کرنے والے مجرموں جہانداد خان اور ارشد کو پھانسی دے دی گئی جبکہ اڈیالہ جیل میں قید مجرم اخلاق احمد کی پھانسی موخر کی گئی۔

جہلم کی ڈسٹرکٹ جیل میں سسر کو قتل کرنے والے مجرم اسلم اور اس کے بھائی کی پھانسی بھی موخر کر دی گئی۔ تختہ دار پر چڑھنے والے مجرموں کی گزشتہ رات اہل خانہ سے آخری ملاقات کرائی گئی۔ جیل حکام نے قانونی کارروائی کے بعد مجرمان کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 170 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔