وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحق ڈارکی گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال، خیبر ایجنسی کے آئی ڈی پیز کی 16مارچ سے اپنے علاقوں کو واپسی جاری ہے ،اب تک 40ہزاخاندانوں کے 2 لاکھ 80ہزار افراد واپس جا چکے ہیں، آگست کے آخر تک تمام آئی ڈی پیز کی واپسی عمل میں لائی جائیگی، قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمہ اور امن کے قیام کے لئے پاک فوج اور سیکوریٹی فورسز کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے،گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان کی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحق ڈار سے گفتگو

جمعرات 30 جولائی 2015 00:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحق ڈار نے بدھ کی شام گورنر ہاوٴس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا ۔ گورنر سردار مہتاب احمد خان نے وفاقی وزیر کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں قیام امن کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات ، آئی ڈی پیز کی واپسی اور ان کی بحالی کے بارے میں آگاہ کیا۔

گورنر نے کہا کہ خیبر ایجنسی کے آئی ڈی پیز کی 16مارچ سے اپنے علاقوں کو واپسی جاری ہے اوراب تک 40ہزاخاندانوں کے 2 لاکھ 80ہزار افراد واپس جا چکے ہیں جبکہ آگست کے آخر تک خیبر ایجنسی کے تمام آئی ڈی پیز کی واپسی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمہ اور امن کے قیام کے لئے پاک فوج اور سیکوریٹی فورسز کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ باڑہ کے تمام بڑے اور چھوٹے بند کارخانوں کو کھولا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں حکومت صنعتکاروں کو ہر ممکن امداد اور سہولت فراہم کررہی ہے۔گورنر نے کہا کہ بہادر افواج ، سیکورٹی فورسز ، پولیٹیکل انتظامیہ اور محب وطن قبائل کی قربانیوں کے نتیجہ میں علاقہ سے دہشت گردوں کا کامیابی سے صفایا ہو رہاہے اورآئی ڈی پیز کی واپسی کے ساتھ علاقہ میں بحالی ، تعمیر نو اور اقتصادی استحکام کی سرگرمیوں کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ میں امن و استحکام کی حکومتی کوششوں پر سرمایہ کاروں اور قبائل کا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی جانب سے قیام امن کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار نے صوبہ خیبر پختونخوا میں باالعموم اور فاٹا میں باالخصوص گورنر سردار مہتاب احمد خان کی جانب سے قیام امن اور ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بہت جلد یہ علاقہ امن کا گہوارہ بن جائیگا۔

متعلقہ عنوان :