دنیا بھرمیں سیاسی استحکام نے معاشی ترقی کے لئے راہ ہموار کی، کوئی ملک سیاسی استحکام کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا،موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت دنیا نے پاکستان کو مثبت انداز میں دیکھنا شروع کر دیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبا ل کاچھوٹی ودرمیانی صنعتوں کے لئے قومی مشاورتی گول میز کانفرنس سے خطاب

بدھ 29 جولائی 2015 23:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبا ل نے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں سیاسی استحکام نے معاشی ترقی کے لئے راہ ہموار کی جبکہ یہ ناقابل تردیدحقیقت ہے کہ کوئی ملک سیاسی استحکام کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا،موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت دنیا نے پاکستان کو مثبت انداز میں دیکھنا شروع کر دیا ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس موقع سے بھرپورفائدہ اٹھائیں، بدھ کووہ یہاں چھوٹی ودرمیانی صنعتوں کے لئے قومی مشاورتی گول میز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں اس حقیقت کا پتا دیتی ہیں کہ وہاں پر سیاسی استحکام نے معاشی ترقی کے لئے راہ ہموار کی۔

(جاری ہے)

دنیا میں کوئی بھی ملک بغیر سیاسی استحکام کے ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں اس پہلو پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی تاہم گزشتہ سال کے سیاسی واقعات کے بعد جمہوری نظام میں مزید پائیدار ی آئی ہے جس میں سیاسی شاکس سے مقابلہ کرنے کی استعداد پیدا ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساری سیاسی قوتیں اس نکتے پر متفق ہیں کہ ہمیں آئین و قانون کی پاسداری کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ملک میں معاشی چیلنجوں پر بات کرتے ہوئے ان کاکہناتھا کہ بد قسمتی سے اکیسیویں صدی کی شروعات میں ملک میں کوئی معاشی وژن نہیں تھا جب ایک مارشل لا حکومت بر سر اقتدار تھی جس نے بے پایاں معاشی مسائل کو جنم دیا۔تاہم انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب ملک میں اقتصادی ترقی کے لئے ایک جامع منصوبہ وژن2025 کام کر رہا ہے جس کے ذریعے پاکستان اگلے چند سالوں میں دنیا کی بیس بڑی اقتصادی قوتوں میں شامل یوجائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کوآئندہ برسوں میں سا ت سے آٹھ فیصد شرح نمو درکار ہو گی تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی خاص کر نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع مل سکیں۔ اقتصادی ترقی کے لئے بر آمدی شعبہ سب سے اہم ہے اور اس میں ترقی کیلئے ضروری ہے کہ بر آمدی پالیسیوں کا از سر نو تعین کیا جائے۔انہوں نے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ترقی ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہے اورکہاکہ اس شعبے کی ترقی کے لئے لازمی ہے کہ اس میں ویلیو ایڈیشن کی جائے تاکہ عالمی سپلائی چین میں یہ اپنی جگہ بنا سکے۔

متعلقہ عنوان :