اسداﷲ بھٹو اور حافظ نعیم الرحمن نے لٹھ ڈیم کا دورہ کیا اور صورتحا ل کاجائزہ لیا

ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کا اعلان اور عملہ متعین کیا جائے ۔ اسد اﷲ بھٹو کا مطالبہ

بدھ 29 جولائی 2015 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اﷲ بھٹو اور امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سعدی ٹاؤ ن اور گڈاپ میں واقع لٹھ ڈیم کا دورہ کیا اور بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بالخصوص ممکنہ بارشوں سے لٹھ ڈیم کو لاحق خطرات کے حوالے سے مقامی افراد سے بریفنگ لی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبدالوہاب ،ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ، زون گلستان جوہر کے امیر عمران شاہد ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

واضح رہے کہ سال 2012میں لٹھ ڈیم کے حفاظتی پشتے ٹوٹنے کی وجہ سے سعدی ٹاؤن زیر آب آگیا تھا جس کی وجہ سے سعدی ٹاؤن کی مقامی آبادی نقل مکانی پر مجبور ہوگئی تھی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد اﷲ بھٹو نے کہا کہ برسات کے موسم اور بارشوں کی وجہ سے اس علاقے کو خطرات ہیں ۔

(جاری ہے)

پہلے بھی پانی کے بہاؤ کی وجہ سے یہاں کی بستیوں کو نقصان پہنچاتھا ۔آج جماعت اسلامی کے اعلی سطحی وفد نے یہاں کا دورہ کیا ۔

حالات کا جائزہ لیا اور اردگرد کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں ۔ یہاں حکومت کی جانب سے کوئی انتظامات دیکھنے میں نظر نہ آئے ،نہ تو کوئی کیمپ ہے اور نہ کوئی عملہ یا انجینئرز ہیں ۔کوئی ایس ڈی او بھی موجود نہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ممکنہ خطرات اور حالات سے نمٹنے کے لئے لٹھ ڈیم کے انتظام کو بہتر بنانے کے لئے یہاں ہائی الرٹ کا اعلان کیا جائے اور فوری طور پر عملے کو متعین کیا جائے ،کیمپ آفس بنائے جائیں تاکہ اگر کوئی خطرہ ہو تو شہریوں کو بچایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ شہر اور علاقہ ہمارا ہے اس کو بچانے کے لیے ہم نے پہلے بھی کوششیں کی ہیں اور جماعت اسلامی اور الخدمت آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گی ۔