بند کا کیس مشترکہ مفادات کونسل میں لے جائیں گے ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

او،جی، ڈی،سی، ایل ایک وفاقی ادارہ ہے جس نے کچے کی آبادی کو نظرانداز کرکے اپنے بچاؤ کی خاطر بند بنایا ہے

بدھ 29 جولائی 2015 22:59

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شینک بند کا کیس مشترکہ مفادات کونسل میں لے جائیں گے کیونکہ او،جی، ڈی،سی، ایل ایک وفاقی ادارہ ہے جس نے کچے کی آبادی کو نظرانداز کرکے اپنے بچاؤ کی خاطر بند بنایا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قادرپور شینک بند کے دورے کے دوران میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزیر برائے صحت جام مہتاب حسین ڈہراور صوبائی وزیر برائے زراعت علی نواز خان مہر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سید قائم علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این۔ڈی۔ایم۔اے صرف بیانات کی حد تک کام کر رہی ہے جبکہ حکومت سندھ کا ادارہ پی۔ڈی۔ایم۔اے دن رات کام کر رہا ہے جسے حکومت سندھ نے تمام وسائل فراہم کیے اور محکمہ آبپاشی کو بھی فنڈز جاری کیے جارہے ہیں تاکہ تمام حفاظتی بندوں کو مضبوط بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ کل بھی صوبائی وزراء کے ساتھ قادرپور شینک بندکی صورتحال کا جائزہ لینے آئے تھے اور احکام جاری کیے تھے اس سلسلے میں آج وہ دوبارہ آئے ہیں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے کہ حکومت سندھ کی ہدایات پر عمل ہوا یا نہیں مگر صورتحال سے اندازا ہو رہا ہے کہ شینک بند پر جنگی بنیادوں پر کام کیا گیا ہے جس سے ہم مطعمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی بندوں پر انڈس رور کمیشن نے کام کرنا ہوتا مگر کمیشن نے حکومت سندھ کی توقع کے مطابق کام نہیں کیا مگر حکومت سندھ نے اپنی ذمیداری محسوس کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی بندوں پر کام کیا ہے تاکہ لوگوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کے ساتھ پاک فوج اور نیوی بھی اپنے فرائض انجام دے رہی ہے جن کے ہم شکر گذار ہیں اس علاوہ حکومت سندھ نے متاثرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں جبکہ وفاقی اداروں کی جانب سے تعاون نہیں کیا جارہا ۔ قبل ازین انہوں نے نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

متعلقہ عنوان :