وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی خیبرپختونخوا سردارمہتاب احمد عباسی سے ملاقات

گورنر نے خیبر پختونخوا ،فاٹا میں قیام امن کے سلسلے میں کئے جانیوالے اقدامات سے وزیرخزانہ کوآگاہ کیا خیبر ایجنسی کے آئی ڈی پیز کی 16مارچ سے اپنے علاقوں کو واپسی جاری ہے ،اب تک 40ہزاخاندانوں کے 2لاکھ 80ہزار افراد واپس جا چکے ہیں ، سردار مہتاب باڑہ کے تمام بڑے ،چھوٹے بند کارخانوں کو کھولا جا رہا ہے سیکورٹی فورسز ، پولیٹیکل انتظامیہ ،محب وطن قبائل کی قربانیوں کے نتیجہ میں دہشت گردوں کاصفایا ہو رہاہے،گفتگو

بدھ 29 جولائی 2015 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحق ڈار نے گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا ۔ گورنر سردار مہتاب احمد خان نے وفاقی وزیر کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں قیام امن کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات ، آئی ڈی پیز کی واپسی اور ان کی بحالی کے بارے میں آگاہ کیا۔

گورنر نے کہا کہ خیبر ایجنسی کے آئی ڈی پیز کی 16مارچ سے اپنے علاقوں کو واپسی جاری ہے اوراب تک 40ہزاخاندانوں کے 2 لاکھ 80ہزار افراد واپس جا چکے ہیں جبکہ آگست کے آخر تک خیبر ایجنسی کے تمام آئی ڈی پیز کی واپسی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمہ اور امن کے قیام کے لئے پاک فوج اور سیکوریٹی فورسز کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ باڑہ کے تمام بڑے اور چھوٹے بند کارخانوں کو کھولا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں حکومت صنعتکاروں کو ہر ممکن امداد اور سہولت فراہم کررہی ہے۔گورنر نے کہا کہ بہادر افواج ، سیکورٹی فورسز ، پولیٹیکل انتظامیہ اور محب وطن قبائل کی قربانیوں کے نتیجہ میں علاقہ سے دہشت گردوں کا کامیابی سے صفایا ہو رہاہے اورآئی ڈی پیز کی واپسی کے ساتھ علاقہ میں بحالی ، تعمیر نو اور اقتصادی استحکام کی سرگرمیوں کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ میں امن و استحکام کی حکومتی کوششوں پر سرمایہ کاروں اور قبائل کا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی جانب سے قیام امن کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار نے صوبہ خیبر پختونخوا میں باالعموم اور فاٹا میں باالخصوص گورنر سردار مہتاب احمد خان کی جانب سے قیام امن اور ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بہت جلد یہ علاقہ امن کا گہوارہ بن جائیگا۔