معذور افراد کی ملازمتوں کیلئے بجٹ میں فنڈز فراہم نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری

بدھ 29 جولائی 2015 22:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) لاہورہائیکورٹ نے معذور افراد کی ملازمتوں کے لیے بجٹ میں فنڈز فراہم نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز جسٹس سید منصور علی شاہ کی عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے اپنے موقف میں کہا کہ حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود نابینا افراد کو ان کے منظور شدہ تین فیصد کوٹے کے مطابق ملازمتیں فراہم نہیں کی جا رہیں جو کہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

تین فیصد کوٹے کے تحت معذور افراد کی وفاق میں چار ہزار سے زائد اور پنجاب میں پینتیس سو سے زائد آسامیاں خالی ہیں مگرحکومتی نااہلی کی وجہ سے نابینا افراد سڑکوں پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہونے کے باوجود معذور افراد کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص نہیں کئے گئے جس پر عدالت نے معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کودوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے30 جولائی کورپورٹ طلب کر لی۔

متعلقہ عنوان :