پنجاب میں آج اینٹی ڈینگی ڈے منایا جا رہا ہے

تمام سرکاری محکمے ڈینگی ہاٹ سپاٹس ختم کرنے کے لئے خصوصی صفائی مہم چلائیں گے ڈینگی کا خاتمہ عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے - خواجہ سلمان رفیق

بدھ 29 جولائی 2015 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے میں آج 30 جولائی کو اینٹی ڈینگی ڈے منایا جا رہا ہے اس سلسلہ میں تمام سرکاری محکمے، ہسپتال ڈینگی کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینار، واکس کا اہتمام کریں گے - عوامی مقامات پر ڈینگی کے بارے احتیاطی تدابیر پر مبنی بینرز آویزاں کئے جائیں گے-مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ یوم انسداد ڈینگی منانے کے لئے تمام سرکاری محکموں کو پہلے ہی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں- انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی حکومتوں کے افسران اور ڈی سی او صاحبان کو اینٹی ڈینگی ڈے بھرپور طریقہ سے منانے کی ہدایت کی گئی ہے - انہوں نے کہا کہ موسم برسات کے پیش نظر گھروں کی چھتوں پر پڑے ہوئے کاٹھ کباڑ کو صاف کرنا ضروری ہے تا کہ کھڑے پانی میں ڈینگی مچھر پر ورش نہ پا سکے- انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے بھرپور عوامی شرکت ناگزیر ہے- انہوں نے کہا کہ صوبے کی سطح پر اینٹی ڈینگی ڈے منانے کا مقصد ڈینگی کے خاتمہ کی کوششوں میں عوامی شرکت کو یقینی بنانا ہے - خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ تمام محکموں کو یوم انسداد ڈینگی کے موقع پر کی گئی سرگرمیوں کے بارے رپورٹ 5 اگست تک ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے - مشیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف اینٹی ڈینگی ڈے کے حوالے سے سرکاری محکموں اور اداروں کی سرگرمیوں کو براہ راست مانیٹر کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :