درخت قومی اثاثہ ہیں،درختوں کی آبیاری نئی نسل کی آبیاری کے مترادف ہے،کمشنر سبی

گرین سبی مہم کے دوران عوام شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،غلام علی بلوچ

بدھ 29 جولائی 2015 21:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء)کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ نے کہا ہے کہ درخت ہمارا قومی اثاثہ ہیں ،درختوں کی آبیاری نئی نسل کی آبیاری کے مترادف ہے،گرین سبی مہم کے دوران عوام شجر کاری کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،ناڑی گاج پارک سمیت تفریحی مقامات پر درخت لگا کر عوام کے لیے پُرفضا ماحول بنایا جائیگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں تیسرئے مرحلے کے دوران ناڑی گاج پارک میں پودئے لگاتے ہوئے صحافیوں سے بات چیت میں کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جعفر بلوچ،سپرٹنڈنگ انجینئر ایری گیشن میر ارشاد جمالی،ایس ڈی او ایری گیشن ظفر علی پندرانی،فاریسٹ آفیسر خدائیداد خجک ،فاریسٹ آفیسر میر علی داد گشکوری و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جبکہ درخت ہمارا قومی اثاثہ ہیں جن کی آبیاری کرنا اور انہیں لگانا ہمارا قومی فریضہ بنتا ہے انہوں نے کہا کہ درخت جہاں ماحول میں تبدیلی و تغیر کا باعث بنتے ہیں وہاں پر درخت ہمیں سایہ بھی فراہم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی جانب سے سبی میں مون سون کے دوران شجر کاری مہم ایک انتہائی قابل رشک بات ہے جس سے گرین سبی کے خواب کو عملی جامعہ پہنانے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ سبی کے عوام کوچاہیے کہ وہ شجر کاری کی اس مہم سے استعفادہ حاصل کرتے ہوئے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اوراپنے ارد گرد کے ماحول کو آلودگی سے بچائیں انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں ناڑی گاج پارک میں درخت اور پودئے لگانے سے پارک کے حسن میں اضافہ ہوگا اور انتظامیہ کی جانب سے ناڑی گاج پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات میں سہولیات فراہم کرکے عوام کو تفریح کے بہتر مواقع فراہم کیئے جائیں گے۔