پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری آپریشن میں سکھر کے مختلف علاقوں سے 372 افراد کو بچالیا

بدھ 29 جولائی 2015 21:45

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی آپریشن میں ضلع سکھر کے مختلف علاقوں سے خواتین اور بچوں سمیت 372 افراد کو بچایا ہے۔ ریسکیو آپریشن ”مدد“ کے دوران پاک بحریہ کے اہلکاروں نے سعید آباد، گوٹھ علی نواز، حسین بخش لاشیر، صحبت بلوچ اور کنگری کے علاقوں سے لوگوں کو سیلاب زدہ پانی سے باہر نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں پاک بحریہ کی پریس ریلیز کے مطابق سجاول میں ریلیف آپریشن ہیڈ کوارٹرز کے قیام کے ساتھ پاک بحریہ کے غوطہ خور اور امدادی ٹیمیں جو کشتیوں، سیلابی پانی نکالنے والے پمپوں، لائف جیکٹس اور زندگی بچانے والی ادویات سے لیس ہیں، کنگری، گھوٹکی، خیرپور، سکھر، بدین اور جٹی میں تعینات کی گئی ہیں جو امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ متاثرین کے محفوظ انخلاء، لاپتہ افراد کی تلاش اور مدد اور سیلاب زدہ لوگوں کے لئے طبی امداد اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :