صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 141ریلیف کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے

بدھ 29 جولائی 2015 21:44

لاہور ۔29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 141ریلیف کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں جہاں7665متاثرین مقیم ہیں،اب تک پانی میں گھرے96480لوگوں کا انخلاء عمل میں لایا جا چکا ہے -متاثرہ علاقوں میں 232کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن کے علاوہ لوگوں کو کھانا اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے -امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ متاثرین میں 68750فوڈ ہیمپرز ،منرل واٹر کی 72ہزار بوتلیں اور 15500مچھر دانیاں تقسیم کی جا چکی ہیں جبکہ اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی طلب کے مطابق 16800خیمے ،1100لائف جیکٹس اور 100لائف رنگز فراہم کی گئی ہیں- 40480افرادکو کھانا فراہم کیا جا چکا ہے ،100میڈیکل کیمپوں میں 25370افراد کو طبی امداد مہیا کی جا چکی ہے ،585197مویشیوں کی ویکسینشن اور338200کلو ونڈا بھی تقسیم کیا جا چکا ہے -کمشنر ڈیرہ غازیخان نے بتایا ہے کہ پہاڑی نالے فاصلہ اور گل ستار میں سیلابی پانی آنے کی وجہ سے مقامی لوگوں کا بروقت انخلاء مکمل کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیاہے اورانہیں اشیائے خوردونوش فراہم کی جا رہی ہیں -مزید براں ڈی سی او راجن پور ظہور حسین نے کہا ہے کہ راجن پور میں اونچے درجہ کے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مزید 10ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ اور آرمی موجود ہے -ابتک پانی میں گھرے 8657افراد کا انخلاء کرایا جا چکا ہے -صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ضلع لیہ میں جمن شاہ سٹی کو محفوظ بنانے کے لئے 46لاکھ روپے کی لاگت سے 3کلو میٹر طویل حفاظتی بند کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیاہے- حفاظتی بند کی تعمیر کا منصوبہ 15دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا -انہو ں نے بتایا کہ جمن شاہ بند کی تعمیر کے احکامات وزیر اعلی پنجاب نے گزشتہ روز اپنے دورہ کے موقع پر جاری کئے تھے اور بند کی تعمیر سے جمن شاہ اور درجنوں دیہات کی تین لاکھ سے زائد آبادی کو لالہ کریک کے سیلابی پانی سے محفوظ بنایا جا سکے گا - ترجمان ضلعی انتظامیہ لیہ کے مطابق ریلیف کیمپ کے متاثرین کا احتجاج ختم ہو گیاہے ،انتظامیہ انہیں کھانا اور اشیاء ضروریہ فراہم کرنے میں مزید بہتری لائے گی -ضلع بھر میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں تینوں وقت کا کھانا باقاعدگی سے فراہم کیا جا رہا ہے -

متعلقہ عنوان :