صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم کی زیرصدارت اجلاس، سرکاری پانی استعمال کرنے والے تمام صارفین کے کنکشنزپر میٹر لگانے کا فیصلہ

بدھ 29 جولائی 2015 21:43

لاہور ۔29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ ، تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان کی صدارت میں اعلی افسران کے ساتھ منعقد ہ اجلاس میں سرکاری پانی کے ضیاع کو روکنے، ریونیو میں اضافے ، لیکج کے خاتمے، پانی کے پریشر میں اضافے اور کم پانی استعمال کرنے والوں کو بل میں رعایت دینے اور زیادہ سے زیادہ میٹر نصب کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا -صوبائی وزیر نے کہا کہ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل ایریا اور کمرشل جگہوں پر پانی کے میٹر ضرور لگائے جائیں- صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت لاہور میں پانی کے 6 لاکھ 12 ہزار 8 سو میٹر نصب ہیں- تنویر اسلم اعوان نے اس تعداد کو بڑھا کر کم از کم 10 لاکھ ، فیصل آباد میں نصب ایک لاکھ 29 ہزار میٹروں کی تعداد بڑھا کر 2 لاکھ ، راولپنڈی میں ایک لاکھ 5 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ ، ملتان میں 63 ہزار 6 سوکی تعداد بڑھا کر ایک لاکھ ، گوجرانوالہ میں 27 ہزار 7 سو میٹروں کی تعداد بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا- اجلا س میں صوبائی وزیر کے علاوہ ایم پی اے ماجد ظہور ، ایم پی اے محمد نواز چوہان ، وائس چیئرمین واسا میاں عرفان ، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز ، خالد بشیر بٹ ، ڈائریکٹر واسا نسیم خالد ، ڈائریکٹر انڈسٹریز انور ظہور قاضی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی-وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر زیادہ سے زیادہ پانی کے میٹر لگانے اور تجاویز کے لئے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پندرہ روز کے اندر اپنی تجاویز اور تخمینہ کے ساتھ اپنی رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی -

متعلقہ عنوان :