مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا گنڈا سنگھ ، قصور کے سیلابی علاقوں کا دورہ

محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور محکمہ مال کے کیمپوں کا بھی معائنہ

بدھ 29 جولائی 2015 21:43

لاہور ۔29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء)مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے گنڈا سنگھ ضلع قصور کے سرحدی علاقے میں دریائے ستلج کے سیلابی پا نی سے متاثرہ دیہا ت کا دورہ کیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے دریائے ستلج کے بیڈ میں واقع مستی کے ، چندہ سنگھ اور دیگر دیہات میں لگائے گئے ریلیف کیمپوں کا معائنہ کیا۔ ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ اور ڈی پی او رائے بابر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے اپنے دورے کے حوالے سے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 8ہزار 8سو کیوسک پانی کا بہاوٴ ہے اور پانی دریا کے بیڈ کے اندر ہی ہے انہوں نے علاقے میں متاثرین سیلاب کیلئے لگائے گئے میڈیکل ریلیف کیمپ کے علاوہ لائیو سٹاک اور محکمہ مال کے ریلیف کیمپوں کا بھی معائنہ کیا اور تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے قصور سے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب کی روک تھام کے حوالے سے ہو نے والے اجلاس میں بھی شرکت کی ۔