ملک کا جمہوری نطام سیاسی عدم استحکام سے مقابلہ کرنے کے قابل ہو چکا ہے

سیاسی خلفشار سے نبر د آزما ہونے کے لئے ادارہ جاتی فریم ورک پوری طرح فعال ہے ،حکومتی کی اقتصادی اصلاحات اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت دنیا نے پاکستان کو مثبت انداز میں دیکھنا شروع کر دیا ہے وفاقی وزیراحسن اقبا ل کاقومی مشاورتی گول میز کانفرنس سے خطاب

بدھ 29 جولائی 2015 21:30

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبا ل نے کہا ہے کہ ملک کا جمہوری نطام سیاسی عدم استحکام سے مقابلہ کرنے کے قابل ہو چکا ہے۔سیاسی خلفشار سے نبر د آزما ہونے کے لئے ادارہ جاتی فریم ورک پوری طرح فعال ہے حکومتی کی اقتصادی اصلاحات اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت دنیا نے پاکستان کو مثبت انداز میں دیکھنا شروع کر دیا ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے لئے قومی مشاورتی گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دنیا بھر ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں اس حقیقت کا پتا دیتی ہیں کہ وہاں پر سیاسی استحکام نے معاشی ترقی کے لئے راہ ہموار کی۔

(جاری ہے)

دنیا میں کوئی بھی ملک بغیر سیاسی استحکام کے ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے ہمارے ہاں اس پہلو پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی تاہم گزشتہ سال کے سیاسی واقعات کے بعد جمہوری نظام میں مزید پائیدار ی آئی ہے جس میں سیاسی شاکس سے مقابلے کرنے کی استعداد پیدا ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا ساری سیاسی قوتیں اس نکتے پر متفق ہیں کہ ہمیں آئین و قانون کی پاسداری کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ملک میں معاشی چیلنجوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اکیسیویں صدی کی شروعات میں ملک میں کوئی معاشی وژن نہیں تھا جب ایک مارشل لاء حکومت بر سر اقتدار تھی جس نے بے پایاں معاشی مسائل کو جنم دیا۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب ملک میں اقتصادی ترقی کے لئے ایک جامع منصوبہ وژن2025 کام کر رہا ہے جس کے ذریعے ملک کے اگلے چند سالوں میں دنیا کی بیس بڑی اقتصادی قوتوں میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا ملک کو اگلے برسوں میں سا ت سے آٹھ فیصد شرح نمو درکار ہو گی تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی خاص کر نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع مل سکیں۔ انہوں نے کہا اقتصادی ترقی کے لئے بر آمدی شعبہ سب سے اہم ہے اور اس میں ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس بر آمدی پالیسیوں کر از سر نو تعین کیا جائے۔ انہوں نے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ترقی ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہے اور اس شعبے کی ترقی کے لئے لازمی ہے کہ اس میں ویلیو ایڈیشن کی جائے تاکہ عالمی سپلائی چین میں یہ اپنی جگہ بنا سکے۔

متعلقہ عنوان :