یونیسف حکام کی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات مشاہد اللہ خان سے ملاقات‘ صفائی اور پینے کے صاف پانی میں بہتری لانے کیلئے میلنیئم ترقیاتی اہداف حاصل کرنے پر مبارکباد

بدھ 29 جولائی 2015 21:28

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) یونیسف کے حکام نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات مشاہد اللہ خان سے بدھ کو یہاں اسلام آبادمیں ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے صفائی اور پینے کے صاف پانی میں بہتری لانے کیلئے میلنیئم ترقیاتی اہداف حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ یونیسف کے وفد نے کہا کہ پاکستان نے مشکل صورتحال میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، اس کے بارے میں تشہیر کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کی حالیہ مشترکہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ان 95ملکوں میں شامل ہے جنہوں نے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے میلنیئم ترقیاتی اہداف حاصل کئے ہیں جبکہ پینے کے پانی میں بہتری لانے کے حوالے سے پاکستان دنیا کے تمام ملکوں میں پانچویں نمبر پر ہے جس نے آبادی کے تناسب سے دیہی اور شہری علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بہتری لائی ہے۔