شدید گرمی ، حبس اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے 1300 سے زائد شہریوں کی ہلاکتوں پر کراچی الیکٹرک کی انتظامیہ کو چارج شیٹ جاری کی جائے اور متاثرین کی مالی امداد کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں،رہنماء پاکستان پیپلزپارٹی

بدھ 29 جولائی 2015 21:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سید نجمی عالم ،سردار خان، اظہار الحق حسن زئی، لطیف مغل اور منظور عباس نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ شدید گرمی ، حبس اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے 1300 سے زائد شہریوں کی ہلاکتوں پر کراچی الیکٹرک کی انتظامیہ کو چارج شیٹ جاری کی جائے اور متاثرین کی مالی امداد کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک میں حکومت کے 26فیصد شیئرز ہیں لہٰذا کراچی میں ہونے والے نقصان کی ذمہ داری بھی کراچی الیکٹرک کے ساتھ وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ نہ تو کراچی الیکٹرک کے خلاف کوئی قانونی قدم اٹھایا گیا اور نہ ہی متاثرین کی داد رسی کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی ہلاکتوں کا فی الفور نوٹس لے اور اس ضمن میں اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کرے تاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے شہریوں کے اضطراب کا کوئی جواب پیش کیا جاسکے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حالیہ دنوں میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 10 سے زائد شہریوں کی ہلاکت کا بھی فوری نوٹس لے اور متاثرین کو معاوضہ ادا کرے اور کراچی الیکٹرک کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔