کھارادرکے علاقے میں حادثاتی طورپرزمین بوس ہونے والی مخدوش عمارت کے ملبے کی صفائی کاکام شروع

بدھ 29 جولائی 2015 21:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کمشنر کراچی کی انتظامیہ کے تعاون سے کھارادرکے علاقے میں حادثاتی طورپرزمین بوس ہونے والی مخدوش عمارت کے ملبے کی صفائی کاکام شروع کردیاہے جبکہ قرب جوار کی عمارتوں کابیرونی اوراندرونی معائنہ بھی کیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادرمیں گزشتہ روز حادثاتی طور پر زمین بوس ہونے والی پانچ منزلہ عمارت انتہائی مخدوش حالت تھی ۔

اس حوالے سے قائم مقام ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے ممتازحیدرکی ہدایات پراس زمرے میں شامل عمارتوں کے سروے کاکام جاری ہے جبکہ گذشتہ دنوں حادثے کاشکارعمارت سمیت دیگر عمارتوں کے مقام پرپہنچ کرایس بی سی اے اہلکاروں نے لاؤڈاسپیکر کے ذریعے عمارتوں کوخالی کرنے کے اعلانات بھی کئے تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ماہرتعمیرات وانجینئرز افسران نے مذکورہ عمارت کوبھی بعدازمعائنہ فوری منہدم کرنیکی سفارش پر مبنی رپورٹ دیتے ہوئے انہدامی کاروائی کی تیاری شروع کردی تھی ۔

علاوہ ازیں ایس بی سی نے خطرناک عمارتوں کے مکینوں اور استعمال کنندہ کو خبردارکرتے ہوئے کہاہے کہ حادثے کاشکارمذکوہ عمارت کے زمین بوس ہونے سے قبل ہی خوش قسمتی سے مکینوں کو عمارت خالی کرنے کاموقع مل گیاجس کے سبب جانی نقصان سے محفوظ رہے ۔ایس بی سی اے نے مخدوش عمارتوں کے مکینوں سے ایک بار پھراپیل کی ہے کہ وہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کوفوری خالی کردیں۔