مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا ہر فیصلہ کارکنوں کیلئے حکم کا درجہ رکھتا ہے،مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر

بدھ 29 جولائی 2015 21:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا ہر فیصلہ کارکنوں کے لئے حکم کا درجہ رکھتا ہے․وزیر اعظم پاکستان کے تدبر کی روشنی میں تحریک انصاف کے دھرنے سے دور رہنے والے اراکین پارلیمنٹ کو عوامی نمائندگی کا حق ملنا چاہئیے لیکن جمہوری نظام کی جڑیں کمزور کرنے کے ذمہ دار ارکین عوامی نمائندگی کا حق کھو چکے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ عوامی رائے اور جمہوریت کا احترام کرنے والوں کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دروازے کھلے ہیں لیکن جمہوری نظام کے خلاف سازش کے آلہ کار بننے والے افراد کا سیاست میں کوئی کردار قبول نہیں کیا جا سکتا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کے ووٹ سے پارلیمان میں آنے والوں سے توقع رکھتی ہے وہ عوامی امنگوں کی حقیقی پاسداری کرتے ہوئے جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کا ساتھ چھوڑ دیں گے․ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوری روایات کی پاسداری پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ہماری قیادت نے اعلی جمہوری اقدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا اور مخالف سیاسی قوتوں کو اقتدار میں شرکت کا موقع دیا․ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جمہوریت دوستی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ عوام کے ہر دلعزیز وزیر اعظم کا استعفی طلب کرنے والے سیاست کے بارہویں کھلاڑی کی تنقید کو بھی خندہ پیشانی سے برداشت کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) پارلیمنٹ میں سب سے بڑی قوت ہونے کے باوجود اس بات کے حق میں نہیں کہ ناکام اور نامراد دھرنے کے ذمہ داروں سے عوامی نمائندگی کا حق چھینا جائے لیکن جمہوریت پر غیر متزلزل یقین رکھنے والی ہماری قیادت عوامی میندیٹ کے منفی استعمال کے ذمہ دار عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کر کے قوم کو یہ ضرور بتائے گی کہ ملک کو ایسے افراد سے بچانا انتہائی ضروری ہے جن کی سیاست کی ڈور کسی دوسری جگہ سے ہلائی جارہی ہو․ تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ اپنے ضمیر کی آواز پر خود فیصلہ کریں کہ ان کا پارلیمنٹ پر اب کیاحق باقی رہ گیا ہے؟․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے جمہوری عمل کے تسلسل پر یقین رکھنے والے تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ کو پیشکش کی ہے کہ وہ ناکام دھرنے اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد اپنی سیاسی وابستگی پر نظر ثانی کریں تو پاکستان مسلم لیگ(ن) بھی ان کے لئے پارٹی اور دل کے دروازے کھولنے کے لئے تیار ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی ملک کی واحد جماعت ہے جہاں جمہوریت اور جمہوری عمل کے لئے کام کرنے والوں کو آزادی کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کے مواقع میسر ہیں۔