سندھ حکومت جان لے کہ 2015ء میں بلدیاتی الیکشن ہر حال میں ہوں گئے،تحریک انصاف کراچی کے آرگنائزر علی زیدی

بدھ 29 جولائی 2015 21:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) پاکستا ن تحریک انصاف کراچی ریجن کے آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے حکومتی ادارے دیمک زدہ ہو چکے ہیں ۔ حکمران کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ اور غریب عوام پانی میں ڈوب رہے ہیں ۔ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے ۔

اگر حکمران ملک کی خوشحالی اور قوم کی ترقی کے لئے بہتر حکمت عملی تر تیب دیتے تو آج غریب عوام کو سیلاب کی آفت کا سامنا نہ ہو،وہ بدھ کو انصاف ہاؤس‘‘ میں تحریک انصاف ضلع شرقی کے ورکرز اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر اسرار عباسی، امجد جاہ، رفاقت عمر، بلال غفار،ڈاکٹر سنجے، ارم بٹ،راجہ اظہر ،صائمہ ندیم،شاہین آپا، رحیم حسن زئی، سرتاج خٹک اور دیگررہنما بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

علی زیدی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے کبھی بھی بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے ۔ سندھ حکومت جان لیں کہ یہ 2015ء ہے اب بلدیاتی الیکشن ہر حال میں ہوگا پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے نہیں د یں گے۔ تحریک انصاف کے کارکنان بلدیاتی الیکشن کے لئے تیار ہیں۔تحریک انصاف پارٹی کے نظریاتی کارکنا ن اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار کارکنان کو پارٹی ٹکٹ دیں گے۔ کراچی شہر کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے اہلیان کراچی تحریک انصاف کے نمائندوں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ کیونکہ کراچی کے شہری شہر میں امن کے لئے تبدیلی کے خواہاں ہیں ۔