دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے دوسرے مرحلے کا آئندہ ماہ آغاز،چوڑائی 12فٹ سے بڑھا کر 16فٹ کرنے کی منظوری

عملدرآمد کیلئے خودمختار اتھارٹی بنے گی، سڑکوں کے کناروں پر کنکریٹ کے بلاکس اوردیہی آبادی کے قریب سپیڈ بریکربھی بنائے جائینگے شہری و دیہی علاقوں کی متوازن ترقی پر یقین رکھتے ہیں، ’’ دیہی روڈز پروگرام‘‘ حکومت کی متوازن ترقی کی پالیسی کا عکاس ہے تعمیراتی مٹیریل خصوصاً بجری کی سپلائی بہتر بنانے اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی کیلئے چند گروپوں کی اجارہ داری ختم کی جائے گی دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پروگرام بارے اگست میں انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا‘وزیراعلیٰ شہبازشریفکی سول سیکرٹریٹ اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ویڈیو کانفرنس پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شاندار وژن ہے، دیہی آبادی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے،اراکین اسمبلی

بدھ 29 جولائی 2015 20:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ حکومت کی متوازن ترقی کی پالیسی کا عکاس ہے، پروگرام کی تکمیل سے دیہی علاقوں میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ،سکل ڈویلپمنٹ کو فروغ ملے گا اورروز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے دوسرے مرحلے کا آغاز آئندہ ماہ سے کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ارفع کریم سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ سے متعلق سول سیکرٹریٹ اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے دوسرے مرحلے میں دیہی سڑکوں کی چوڑائی 12فٹ سے بڑھا کر 16فٹ کرنے کی منظوری دی، 16فٹ چوڑی سڑکوں کے کناروں پر کنکریٹ کے بلاکس اوردیہی آبادی کے قریب سپیڈ بریکر بھی بنائے جائیں گے جبکہ دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پروگرام اور انفراسٹرکچر کے دیگر منصوبو ں پر عملدرآمد کیلئے ایک خودمختار اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہری و دیہی علاقوں کی متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں اور ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت ہزارو ں کلو میٹر سڑکوں کو تعمیر وبحال کیا جا رہاہے اور یہ پروگرام دیہی آبادی کے لئے ترقی و خوشحالی اور خوشیوں کا پیغام ہے ۔

دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا انقلابی پروگرام دیہات میں بسنے والوں کے طرز زندگی کو بدل دے گا۔پروگرام سے کاشتکاروں ،محنت کشوں، طلبا اور دیہی آبادی کو یکساں فائدہ ہوگا۔’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘مفادعامہ کا شاندار منصوبہ ہے اور اسے ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے دوسرے مرحلے کا آغاز آئندہ ماہ کیا جا رہا ہے اور دوسرے مرحلے میں بھی تیز رفتاری سے کام کر کے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا ہدف پورا کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی برائے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘اور اراکین اسمبلی پر مشتمل خصوصی کمیٹی سڑکوں کے ڈسٹری بیوشن پلان میں بہتری کے لئے ایک ہفتے کے اندر سفارشات پیش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کیلئے تعمیراتی مٹیریل خصوصاً بجری کی سپلائی بہتر بنانے اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی کیلئے چند گروپوں کی اجارہ داری ختم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اربوں روپے سے بننے والی سڑکوں کی مکمل دیکھ بھال کیلئے اوور لوڈنگ کا خاتمہ کرنا ہوگا اور کابینہ کمیٹی ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے 7 روز کے اندر مربوط نظام وضع کرکے حتمی سفارشات پیش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کا اہم جز ہے۔شجرکاری کے حوالے سے درختوں کی دیکھ بھال کا بھی مناسب نظام ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پروگرام کے حوالے سے اگست میں انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔سیمینار میں چین اور ترکی کی کنسٹرکشن کمپنیوں کے علاوہ شعبہ تعمیرات سے وابستہ ماہرین شرکت کریں گے۔ اراکین اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شاندار وژن ہے اور یہ پروگرام شروع ہونے سے دیہی آبادی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ بلاشبہ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘پنجاب حکومت کا دیہی آبادی کے لئے ایک بڑا تحفہ ہے جو دیہی طرز معاشرت میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘پر پیشر فت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ،تنویر اسلم ملک،عائشہ غوث پاشا،ملک ندیم کامران،ڈاکٹر فرخ جاوید،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات اور متعلقہ سیکرٹریز نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ فیصل آباد، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان،راولپنڈی،ساہیوال، سرگودھا، ملتان اور گوجرانوالہ ڈویژنز سے متعلقہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کمشنرز اپنے اپنے متعلقہ دفاتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :