چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم کا دورہ ، سیلاب میں تربیلا جھیل بھرنے کے طریقہ کار اورتربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا جائزہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 29 جولائی 2015 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے تربیلا ڈیم کا دورہ کیا او رسیلاب کے دوران تربیلا جھیل میں پانی بھرنے کے طریقہ کار اور 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کاجائزہ لیا ۔جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ اقبال مسعود صدیقی ، پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ سہیل خان اور کنسلٹنٹس کے نمائندے اُن کے ہمراہ تھے ۔

تعمیراتی کمپنی سائنو ہائیڈروکے وائس چیئرمین مسٹر جیانگ جو چین سے منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اِن دنوں پاکستان آئے ہوئے ہیں ، بھی اس موقع پر موجود تھے ۔چیئرمین واپڈا نے تربیلا کے مین ڈیم ، سپل ویز اور ریزر وائر کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔

اپنے دورے میں وہ تربیلا ہا ئیڈل پاور سٹیشن بھی گئے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ کو ہدایت کی کہ سیلاب کے دوران تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج کے لئے پہلے سے متعین طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جائے اور اس مقصد کے لئے تمام فریقین سے قریبی رابطہ بھی رکھا جائے ۔چیئرمین واپڈا نے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیا تاکہ2017 ء میں پانی کے زیادہ بہاؤ سے بجلی پیدا کرنے کے لئے بھر پور استفادہ کیا جاسکے ۔

انہوں نے پراجیکٹ حکام کوہدایت کی کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر واضع کئے گئے ” تیز تر تکمیل پروگرام “ کے تحت تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کی 2017 ء میں تکمیل کو ممکن بنانے کے لئے کوششیں تیز کر دیں۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ” تیز تر تکمیل پروگرام“ میں مقرر کئے گئے اہداف کے حصول کے لئے تعمیراتی کام کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور منصوبے کے لئے مقررہ تعمیراتی معیار کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

پراجیکٹ کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے نہ صرف ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ نیشنل گرڈ میں کم لاگت پن بجلی کے شامل ہونے سے صارفین کو ریلیف بھی ملے گا ۔قبل ازیں ، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ نے چیئرمین کو سیلاب کے دوران تربیلا جھیل میں پانی کی بھرائی کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے چیئرمین کو ” تیز تر تکمیل پروگرام“ کے تناظر میں تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ پر مجموعی پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔یہ امر قابل ِ ذکر ہے کہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے ذریعے سرنگ نمبر 4 پر1410 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کے تین یونٹوں کی تنصیب سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 4 سو 78 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 8 سو 88 میگاواٹ ہو جائے گی ۔ عالمی بنک اس پراجیکٹ کے لئے 840 ملین ڈالر مہیا کررہا ہے ۔اپنی تکمیل پر تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ نیشنل گرڈ کو 3 ارب 84 کروڑ یونٹس کم لاگت بجلی مہیا کرے گا۔ پراجیکٹ کے سالانہ فوائد کا تخمینہ تقریباً 30 ارب روپے ہے ۔ پراجیکٹ تین سال میں اپنی تعمیراتی لاگت پوری کردے گا ۔

متعلقہ عنوان :