صوبائی حکومتوں کو ہسپتالوں کے فضلہ سے ماحولیاتی آلودگی بارے موثر اقدامات اٹھانے چاہئیں،مشاہد اللہ خان

بدھ 29 جولائی 2015 19:40

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تغیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ صنعتوں اور ہسپتالوں کے فضلہ سے ماحولیاتی آلودگی شدید خطرہ درپیش ہے، صوبائی حکومتوں کو اس حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے چاہئیں، فیکٹریوں میں فلٹر پلانٹس لگائے جائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نفیسہ عنایت اللہ خٹک کے سوال پر وفاقی وزیر موسمیاتی تغیر مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ ہسپتالوں کے فضلہ سے ماحولیاتی آلودگی کا معاملہ درست طور پر اٹھایا گیا ہے، اسلام آباد کے علاوہ باقی جگہوں پر بھی یہ مسئلہ موجود ہے، اٹھارویں ترمیم کے تحت پاک ای پی اے کا دائرہ اختیار آئی سی ٹی تک محدود ہے کیونکہ ماحولیات کا شعبہ منتقل ہو چکا ہے، صوبوں کو جہاں مرکز کی ضرورت ہو وہ مدد کرنے کے لئے تیار ہے، صنعتوں اور ہسپتالوں کی جانب سے فضل ندی نالوں اور کھلے نالوں میں چھوڑے جانے کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دنیا میں تباہی پھیل رہی ہے، صوبائی حکومتوں کو اس حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے چاہئیں، فیکٹریوں میں فلٹر پلانٹس لگنے چاہئیں، یہ پلانٹس مہنگے ہوتے ہیں لیکن یہ لگانے ضروری ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔