حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے،دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو اضافی سماجی تحفظ کا پیکج متعارف کرایا جائے گا،شیخ آفتاب

ش

بدھ 29 جولائی 2015 19:37

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے، مدت ختم ہونے سے قبل حالات کو بہتر بنائیں گے، دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں اضافی سماجی تحفظ فراہم کرنے کا پیکج متعارف کرایا جائے گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران منزہ حسن کے سوال پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازموں کے خاندانوں کو اضافی سماجی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت نے 2006ء میں وزیراعظم پیکج متعارف کرایا ہے، سفارشات کی روشنی میں دوران سروس وفات پانے والے ملازم کے ایک بیٹے کو کنٹریکٹ پر دو سال کے لئے ملازمت فراہم کی جاتی ہے اب اس میں کنٹریکٹ کی بجائے مستقل ملازمت فراہم کرنے اور تمام بچوں کی تعلیم کی مفت فراہمی سمیت مختلف اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے سیکرٹری فنانس کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی ہے جو وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں اقدامات کر رہی ہے اور پیکج کو حتمی شکل دے کر اسے متعارف کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم آئے تو خزانہ خالی تھا، اداروں کی حالت خراب تھی جس طرح کا پاکستان قائداعظم کو ملا تھا اسی طرح کا پاکستان ہمیں بھی ورثے میں ملا، حکومت مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں، پی آئی اے اور ریلوے کی حالت بہتر بنا رہے ہیں، آج عوام ریلوے میں سفر کر رہے ہیں، اپنی مدت مکمل کرنے سے قبل حالات کو بہتر کریں گے۔