نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا 82 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے،وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 29 جولائی 2015 18:57

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا 82 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، 2016ء تک تمام کام مکمل کر لیا جائے گا، نئے ایئرپورٹ پر پانی کی فراہمی کے لئے ڈیمز بنائے جا رہے ہیں اور لینڈنگ کی ٹیسٹنگ بھی کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پروین مسعود بھٹی کے سوال پر وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کی سائٹ کا انتخاب کرتے وقت بہت سی چیزوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا، پانی اور دیگر سہولیات کا جائزہ نہیں لیا گیا، نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا 82 فیصد کام اب تک مکمل ہو چکا ہے، 2016ء میں سارا کام مکمل کر لیا جائے گا، بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی کام کر رہا ہے اس لئے ان کے مرمتی کام پر پیسہ لگایا جا رہا ہے، حکومت نے ہر قیمت پر ہر ادارے کو درست کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے، پی آئی اے کی ملتان میں پرواز خراب اور تاخیر کا شکار ہونے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ طلب کر لی گئی ہے، نئے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ٹیسٹنگ ہو چکی ہے اور یہ معاملہ حل کر لیا گیا ہے۔