بے گناہ اور معصوم شہریوں کو شہید کرنے والے افراد ملک اور قوم کے دشمن ہیں،نوابزادہ میر سراج رئیسانی ،مولانا رمضان مینگل

بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث تخریب کاروں کیلئے ملکر زمین تنگ کردیں گے، مستونگ میں شہید حقمل رئیسانی کیس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ کو سازش کے تحت دبایا گیا ،کمیٹی کی رپورٹ کو جلد ہی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے سامنے پیش کریں گے،قبائلی رہنماؤں کا تعزیتی جلسہ سے خطاب

بدھ 29 جولائی 2015 18:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) قبائلی اورمذہبی رہنماوں نے کہا ہے کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کو شہید کرنے والے افراد ملک اور قوم کے دشمن ہیں بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث تخریب کاروں کیلئے ملکر زمین تنگ کردیں گے ،شہادت شیرحاصل کرتے ہیں یہ بزدلوں کا کام نہیں ہے مستونگ میں شہید حقمل رئیسانی کیس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ کو سازش کے تحت دبایا گیا کمیٹی کی رپورٹ کو جلد ہی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔

یہ بات بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین نوابزادہ سراج رئیسانی ، اہلسنت و الجماعت بلوچستان کے امیر مولانا محمد رمضان مینگل ،نوابزادہ جمال رئیسانی ، بلوچستان متحدہ محاذ کے وائس چیئرمین شمس مینگل ،غلام رسول رئیسانی ، قاضی عبدالحمید شیرزاد،میر حیدر بنگلزئی ،میر عبدالعلی بنگلزئی نے شہید حقمل رئیسانی کی چوتھی برسی کے موقع پر بدھ کو سراوان ہاؤس میں منعقدہ تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین نوابزادہ سراج رئیسانی نے کہا کہ ایک سازش کے تحت مستونگ میں ہم پر حملہ کیا گیا جس میں حقمل رئیسانی اورانکے ساتھیوں نے شہادت حاصل کی جبکہ درجنوں کارکن زخمی ہوگئے بلوچستان متحدہ محاذ کے کارکنوں نے 4سال تک واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے پرامن جدوجہد کی ہے جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ مستونگ کی تحقیقات کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں واقعہ میں ملوث عناصر اورسہولت کاروں کے نام واضح طور پر درج کئے اورایک سازش کے تحت تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کو دبایا گیا ہے ہم نے کمیٹی کو رپورٹ کو حاصل کرلیا ہے جسے جلد ہی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو جاری کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کن لوگوں کے کہنے پر سانحہ مستونگ کی رپورٹ کو دبایا گیا ۔

نوابزادہ سراج رئیسانی نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں اور پاکستان سے ہی انصاف چاہتے ہیں میرے بیٹے نے پاکستان کیلئے قربانی دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں بیٹھ کر بے گناہ مسافروں ،مزدوروں ،پولیس اورسیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہید کرنے والے بتائیں کہ وہ کن بلوچ روایات کی پاسداری کر رہے ہیں ہم ملکر تخریب کاروں کیلئے بلوچستان کی زمین تنگ کردیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں ہم آج عہد کرتے ہیں کہ ملکر پاکستان اور بلوچستان کا دفاع کریں گے اور شہدا کے ورثاء کا ہر قیمت پر ساتھ دیں گے۔ اہلسنت و الجماعت بلوچستان کے صدر مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قوم ،مذہب اوراسلام کیلئے قربانیاں دی ہیں آئندہ بھی دیتے رہیں گے اور کسی بھی ظالم کے سامنے سرنہیں جھکائیں گے حق کیلئے ہمیشہ لڑتے رہیں گے جو رات قبر میں ہے وہ قبر سے باہر نہیں آئے گی شہادت ہمیشہ شیر کو ملتی ہے بزدل کو نہیں ملتی ۔

مولانا رمضان مینگل نے کہا کہ ہم ملکر امریکہ ، انڈیا اورایران کے ایجنٹوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نوابزادہ میر سراج رئیسانی کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ ایک شہید کے باپ ہیں ۔تقریب سے نوابزادہ جمال رئیسانی ، بلوچستان متحدہ محاذ کے وائس چیئرمین شمس مینگل ،غلام رسول رئیسانی ، قاضی عبدالحمید شیرزاد،میر حیدر بنگلزئی ،میر عبدالعلی بنگلزئی نے کہا کہ شہید کبھی مرتا نہیں ہے وہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے میر حقمل رئیسانی آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :