حکومت پنجاب صوبے کے عوام کو معیاری صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کر نے کیلئے کوشاں ہے،سینیٹر بیگم نجمہ حمید

عوام کیلئے صحت و تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حالیہ بجٹ میں دونوں سیکٹرز میں خطیر رقم مختص کی ہے ، سیمینار سے خطاب

بدھ 29 جولائی 2015 18:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) سینیٹر بیگم نجمہ حمید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے بھر کے عوام کو معیاری صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کر نے کے لئے کوشاں ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ حالیہ بجٹ میں ان دونوں سیکٹرز میں خطیر رقم مختص کی ہے تاکہ کہ عوام کے لئے صحت و تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کو ڈینگی اور اس جیسے دوسرے مہلک امراض سے بچانے کے لئے مختلف اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی زیر ہدایت ’’علاج سے پرہیز بہتر‘‘ کے مقولے پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف محکمہ صحت بلکہ باقی تمام سرکاری محکمے اس ضمن میں عوام کو آگاہی و مدد دینے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں اور انہی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ رواں سال میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے ادارہ صنعت زار ،راولپنڈی کے زیر اہمتام منعقدہ ڈینگی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اسلم میتلا،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عامر شیخ، سابق چیئرمین بیت المال ارشد علی، راجہ آفتاب، محمد وسیم، انچارج صنعت زار طلعت شبیر ، طالبات و خواتین کی کثیر تعداد نے سمینار میں شرکت کی۔

سمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نجمہ حمید نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے صرف علاج معالجہ ہی نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر کی بھی سخت ضرورت ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے محمد اسلم میتلا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے لوگوں میں آگاہی کے حوالے سے اور ڈینگی ورکرز کی رضاکارانہ تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سینٹر نجمہ حمید نے کہا کہ ڈینگی سے چھٹکارے کے لئے عوام کو حکومتی اداروں سے مکمل تعاون کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہر شہری کو اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے ان تمام تر اقدامات کے ذریعے ہی ہم مہلک بیماریوں پر قابو پا کر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاح کو روک سکتے ہیں۔سیمینار کے اختتام پر سنیٹربیگم نجمہ حمید اورسمینارکے شرکاء نے ڈینگی کے خلاف خصوصی واک میں شرکت کی۔