Live Updates

وزیراعظم نے ایم کیو ایم اور جے یوآئی (ف) کے تحفظات ختم کرنے کیلئے کابینہ کی4 رکنی کمیٹی قائم کردی

کمیٹی کی مولانا فضل الرحمن اور متحدہ کی قیادت سے ملاقاتیں ،مولانا فضل الرحمن کی سینئر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد جواب کی یقین دہانی ،جے یو آئی (ف) کا اہم اجلاس (کل) طلب جے یو آئی (ف) اور متحدہ پی ٹی آئی ارکان کے خلاف اپنی تحاریک واپس لیں ، حکومت ملکی تعمیرو ترقی کے ایجنڈے پر مرکوزکرنا چاہتی ہے ، دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کی جے یو آئی اور متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 29 جولائی 2015 17:29

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء ) وزیراعظم نواز شریف نے تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق ایم کیو ایم اور جمعیت اسلام (ف) کے تحفظات ختم کرنے اور انہیں منانے کیلئے کابینہ کی چار رکنی کمیٹی قائم کردی جس نے مولانا فضل الرحمن اور ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقاتیں کیں ، مولانا فضل الرحمن نے اس معاملے پر مشاورت کیلئے جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنماؤں کا اہم اجلاس (کل) جمعرات کو طلب کرلیا ۔

باخبر سرکاری ذرائع نے ’’ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء ‘‘ کو بتایا کہ پارلیمانی لیڈروں کے اجلاس میں وزیراعظم نے جو چار رکنی کمیٹی قائم کی اس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار ، وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پرویز رشید اور عرفان صدیقی نے بدھ کی سہ پہر مولانا فضل الرحمن سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کا ایک اہم پیغام پہنچایا اور ان سے درخواست کی کہ جے یو آئی (ف)اپنی تحریک واپس لے ، حکومت چاہتی ہے کہ اس کی توجہ ملکی تعمیرو ترقی کے ایجنڈے پر مرکوز ہو اور دیگر ایشوز کو فی الحال نظر انداز کیا جائے ۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے مولانا فضل الرحمن کی معاونت کی بعد ازاں اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء سے بات چیت کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور ان سے اچھی بات چیت ہوئی ہے ۔ دو رکنی کمیٹی نے انہیں وزیراعظم کا پیغام پہنچایا ، مولانا فضل الرحمن نے اپنے موقف کو دہرایا اور کہا کہ آئین کے تحت تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے رکن نہیں رہے ، عرفان صدیقی نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ انہوں نے (کل) جمعرات کو اپنی پارٹی کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں وہ اس معاملے پر پارٹی سے مشاورت کریں گے اور اس اجلاس کے خاتمہ کے بعد پرویز رشید اور میری ان سے دوبارہ ملاقات ہوگی اور وہ پارٹی کے فیصلے سے آگاہ کریں گے ۔

دریں اثناء وزیر خزانہ اسحق ڈار اور خواجہ سعد رفیق نے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار ، رشید گوڈیل اور خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے اور ان سے درخوست کی ہے کہ وہ اپنی تحریک واپس لیں جس پر ایم کیو ایم نے کہا کہ وہ رابطہ کمیٹی اور الطاف حسین سے مشاورت کے بعد حکومت کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات