کو ر کمانڈر ملتان کا شجاع آباد کینال کا دورہ‘ملتان شہر میں ممکنہ سیلاب کی روک تھام کیلئے شجاع آباد کینال کے پشتوں کی مضبوطی کے حوالے سے جائزہ لیا

پاک فوج دیگر ادراروں کو ہر ممکن تعاون ،سہولیات مہیا کریگی ،بروقت اقدامات و انتظامات سے شہری املاک ،انسانی جان و مال کی ہر ممکن حفاظت کی جائیگی ،لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد

بدھ 29 جولائی 2015 17:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شجاع آباد کینال کا دورہ کیا اور شجاع آباد کینال کے پشتوں کی مضبوطی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلاب کی صورت میں ملتان شہر اور ملتان انٹر نیشنل ائر پورٹ کی سیکورٹی اور حفاطتی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

اِس موقع پر محکمہ انہار کی جانب سے کور کمانڈر کو شجاع آباد کینال کے پُشتوں کی مضبوطی، ممکنہ حفاظتی اقدامات اور دیگر تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے مجموعی اقدامات اور انتظامات میں مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات اور احکامات بھی جاری کیے۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر نے متعلقہ محکموں کو پیشگی تیاری اور منصوبہ بندی کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ، دیگر ادراروں کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات مہیا کرے گی اور بروقت اقدامات و انتظامات سے شہری املاک اور انسانی جان و مال کی ہر ممکن حفاظت کی جائیگی۔

کور کمانڈر نے اپنے دورے کے دوران اِس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے علاقہ مکینوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور کسی بھی ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :