پاک چائنہ دوستی پر جتنا بھی ناز کیا جائے کم ہے ،دوستی لازوال راستوں اور با کمال رابطوں میں بدل چکی ‘ محمد رفیق رجوانہ

بدھ 29 جولائی 2015 16:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ پاک چائنہ دوستی پر جتنا بھی ناز کیا جائے کم ہے ،جس طرح چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ،دنیا میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ہو یا انسانوں کے مختلف طبقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہو اس سلسلے میں دونوں ممالک کے مقاصد مشترک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیرِ اہتمام ” پاکستان اور چین کے ادب میں موضوعاتی اشتراک “ کے موضوع پر عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سے چین کی دوستی لازوال راستوں اور با کمال رابطوں میں بدل چکی ہے ۔ چین پاکستانیوں کے لیے چَین کا باعث ہے ،انہوں نے کہا کہ تابندہ دوستی کے پچھلے 67سال روشنی کا نیا زمانہ بن کر پاکستان اور چین میں جگمگا رہے ہیں، یہ دوستی شہد سے میٹھی ،ہمالہ سے اونچی،سمندروں سے گہری ا ور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ جس طرح محنت نہ کرنے والا شخص چینی نہیں ہو سکتا اسی طرح چین سے محبت نہ کرنے والا فرد پاکستانی نہیں کہلا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عوامی سطح پر دونوں ممالک نے ہر طرح کے حالات میں جس طرح دوستی کا حق ادا کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ دونوں ممالک نے 2015ء کو پاک چین دوستی کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور آج کی یہ عظیم الشان کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ ادب کسی بھی معاشرے ،قوم یا ملک کی داخلی تاریخ کاآئینہ دار ہوتا ہے۔ کسی بھی قوم کی اصل تاریخ وہی ہے جو کسی تخلیق کار کے قلم سے لکھی ہوتی ہے جومئورخ کسی خوف اور ڈر سے یا کسی مصلحت کی وجہ سے جن باتوں کو چھپا لیتا ہے ایک سچا ادیب اور شاعر کسی اور پیرائے میں اسے طشت از بام کر دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ ادیب اور شاعر کے قلم سے نکلا ہوا ایک ایک لفظ لوگوں کے دلوں میں محفوظ رہتا ہے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے برادرم ملک چین سے آئے ہوئے چینی شاعر انتخاب عالم کا شعر بھی پڑھ کر سنایا:ٹوٹ جاتا ہے قلم حرف مگر رہتا ہے.....پاؤں چلتے ہیں مگر نقش ٹھہر جاتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ مجھے اس بات سے دلی خوشی ہوئی ہے کہ اکادمی ادبیات پاکستان اس سے پہلے بھی دونوں ممالک کے ادبیوں اور شاعروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اقدامات کرتی رہی ہے۔

جن میں ادبی وفود کا تبادلہ اور دونوں ممالک کے ادب کا ایک دوسرے کی زبانوں میں ترجمہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔گورنر پنجاب نے وزارت ِ اطلاعات ونشریات اوراکادمی کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد قاسم بگھیو اور ان کی انتظامیہ کو اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔بعد ازاں صحافیوں کے ایچی سن کالج سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل کی بر طرفی کا فیصلہ خالصتا میرٹ پر کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنر کی تعداد 19ہے مذکورہ بورڈ کے پندرہ ارکان نے متفقہ طور پر پرنسپل کی بر طرفی کی منظوری دی ہے جبکہ ایک رکن کا موقف تھا کہ پرنسپل صاحب کو کام کے لیے مزید مہلت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے تین ارکان اپنی ذاتی مصروفیت کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔جہاں تک ایچی سن کالج میں داخلوں کا تعلق ہے تو وہ میرٹ پر کیے جا رہے ہیں پرنسپل کی برطرفی کا داخلوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :