مظفر گڑھ میں ملک اسحاق کی شدت پسندوں کے ہمراہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد صوبہ بھر میں سکیورٹی کوہائی الرٹ

بدھ 29 جولائی 2015 16:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) کالعدم شدت پسند تنظیم لشکری جھنگوی کے سابق امیر ملک اسحاق سمیت کالعدم تنظیموں کے 14 شدت پسند وں کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد ممکنہ رد عمل سے نمٹنے کیلئے صوبہ بھر میں سکیورٹی کوہائی الرٹ کردیا گیا ،اہم سرکاری و نجی عمارتوں خصوصاً پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق مظفر گڑھ میں پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے سابق امیرملک اسحاق کی دوبیٹوں اور 14شدت پسندوں سمیت ہلاکت کے بعد پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور انہیں اس واقعہ کے تناظر میں کسی بھی ممکنہ ردعمل سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں اہم سرکاری ونجی عمارتوں خصوصاً پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دفاتر کی سکیورٹی بڑھا کر ہر آنے جانے والے کی جامع تلاشی اورسرگرمیوں پر بھی نظر رکھنے کے احکامات دئیے گئے ہیں جبکہ افسران کو پیٹرولنگ کا عمل بھی بڑھانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

بڑے شہروں کے داخلی اورخارجی راستوں پر بھی سکیورٹی کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :