انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر پی ٹی آئی گروپ بندی کا شکار

بدھ 29 جولائی 2015 13:59

انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر پی ٹی آئی گروپ بندی کا شکار

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی2015ء)انکوائری کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف دھڑے بندی کا شکار ہوگئی ، ایک درجن سے زائد پی ٹی آئی ایم این ایز نے رپورٹ پر قیادت کی طرف انگلی اٹھا دی۔ میدان سیاست میں کل جو حلیف تھے آج وہ حریف بنے نظر آتے ہیں ، انکوائری کمیشن رپورٹ آنے کے بعد ایک درجن سے زائد پی ٹی آئی ایم این ایز نے رپورٹ پر قیادت کی طرف انگلی اٹھا دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایم این ایز نے استفسار کیا ہے کہ قیادت بتائے دھاندلی اور پی ٹی آئی کو ہرانے کی بات کس نے کی ۔ پی ٹی آئی ایم این ایز نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ عمران خان انتخابات کے دوران ہسپتال میں تھے انہیں خبریں کس نے دیں؟ عمران خان کو کس نے کہا کہ وہ جیت گئے تھے اور انہیں سازش کے تحت ہرایا گیا۔سوال اٹھانے والے ایم این ایز کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور شیخ رشید نے عمران خان کو دھرنے پر اکسایا۔ تحریک انصاف کو احتجاج اور دھرنوں سے کیا حاصل ہوا اور یہ کہ دھاندلی کا اتنا شور مچانے کے باوجود ثبوت فراہم کیوں نہیں کیے جا سکے۔