الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کو ایک ماہ کیلئے ملتوی کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی

بدھ 29 جولائی 2015 13:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کو ایک ماہ کے لئے ملتوی کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائرکردی ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے منیر پراچہ ایڈووکیٹ کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائرکی گئی جس میں موقف اپنایا گیا کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ریٹرننگ افسران بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے مقررہ تاریخ 20 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کی طرف سے ابھی تک قواعد نہ بننے کی وجہ سے بھی شیڈول بروقت جاری نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ ایک ماہ کی مہلت دے کر شیڈول 17 اگست کو جاری کرنے کی اجازت دی جائے۔واضح رہے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کو گزشتہ روز سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرنا تھا، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن مرحلہ وارکرانے کیلئے بھی ایک درخواست دائرکر رکھی ہے۔