عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر مشل تھیرن کی سیکرٹری صحت سے ملاقات

منگل 28 جولائی 2015 14:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء)عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ ڈاکٹر مشل جے تھیرن نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے آفس میں پولیو ایمرجنسی رسپانس سنٹر کا دورہ کیا اور سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے صوبائی نمائندوں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لیڈی ہیلتھ ورکرز اینڈ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر اعجاز احمد شیخ، ڈائریکٹر ہیلتھ ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر احمد عفیفی ، ڈائریکٹر ہیلتھ سی ڈی سی اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔

سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر عملدرآمد سے صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر محکمہ صحت کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ای پی آئی کے تحت روٹین ایمونائزیشن کی کوریج کو بہتر بنانے ، ویکسینیٹرز کی حاضری اور کارکردگی مانیٹر کرنے کے لیے ای مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے جسے E-Vaccsکا نام دیا گیا ہے اور تمام ویکسینیٹر کو اینڈ رائے وڈ فون فراہم کئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر منیر احمد نے بتایاکہ پنجاب زچہ وبچہ میں تشنج کی بیماری کے خاتمہ کے قریب ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے پنجاب کے چھ اضلاع میں حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والا صورتحال اور حکومت کی متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سرگرمیوں بارے ڈاکٹرمشل کوآگاہ کیا اور متاثرین سیلاب کو میڈیکل ریلیف پہنچانے کے سلسلہ میں عالمی ادارہ صحت سے میڈیکل کٹس کے علاوہ لاجسٹک اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی درخواست کی۔

سیکرٹری صحت نے کنٹری ہیڈ کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کوآؤٹ سورس کرنے اور صوبے کے 10اضلاع میں ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کو کنٹریکٹنگ کے منصوبے بارے آگاہ کیا۔ سیکرٹری صحت نے ڈی ٹی ایل کو آؤٹ سورس کرنے کے بارے پیش رفت پر روشنی ڈالی اور اس منصوبے کو شفاف طریقہ سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ٹیکنیکی اور ماہرانہ تعاون فراہم کرنے کے لیے کہا۔

عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر مشل تھیرن نے کہا کہ پنجاب کی آبادی پاکستان کی آبادی کا نصف ہونے کے باوجود صحت کے شعبہ میں ہیلتھ انڈیکٹرز بہت بہتر ہیں اور بیماریوں خصوصاً پولیو کے خاتمہ میں پنجاب کی جدوجہد کو عالمی سطح پر بہت حوصلہ افزااور قابل تعریف مانا جارہاہے۔ ڈاکٹر مشل نے ہیلتھ کے شعبہ کی بہتری ،بیماریوں کی روک تھام اور قدرتی آفات میں عالمی ادارہ صحت اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کے لیے ویڈیو لنک آفس قائم کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ویڈیو لنک آفس کا آغاز پنجاب سے کیا جائے گا۔ انہوں نے صحت کے شعبہ میں جاری عالمی ادارہ صحت کے تعاون کو مزید فروغ دینے اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے لاجسٹک اینڈٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔