ملتان اور اٹک میں سزائے موت کے دو قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

منگل 28 جولائی 2015 11:41

ملتان / اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء ) ملتان اور اٹک کی جیلوں میں سزائے موت کے دو قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی۔ منگل کو سینٹرل جیل ملتان اور ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں سزائے موت کے قیدیوں اختر اور کریم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جب کہ اس موقع پر جیل کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مجرم اختر نے 1999ء میں خانیوال میں فائرنگ کرکے سعید نامی شخص کو قتل کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اٹک کی ڈسٹرکٹ جیل میں بھی سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دی گئی۔ مجرم کریم نے 2003ء میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون کو گولی مار کر قتل کیا تھا۔ مجرموں کی گزشتہ رات ان کے اہل خانہ سے آخری ملاقات کرائی گئی۔پھانسی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ گزشتہ روز ملتان کی سنٹرل جیل میں دو مجرموں کو پھانسی دی گئی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 150 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :