گرین ٹاؤن سے بوگس اور سبز نمبرپلیٹ موٹر سائیکل سوار گرفتار ،مقدمہ درج کرلیا گیا

مشکوک موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی ،اہلکاروں نے تعاقب کرتے ہوئے حراست میں لے لیا بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹس،فرض شناسی کی ایسی مثالیں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں‘طیب حفیظ چیمہ

پیر 27 جولائی 2015 18:16

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء ) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک سیکٹرگرین ٹاؤن کے انچارج سمیت 03اہلکاروں کو فرض شناسی ،بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوگس اور گرین نمبر پلیٹ والے موٹر سائیکل سوار کو حراست میں لینے پر نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وارڈنز اپنی ڈیوٹی عبادت سمجھ کر ادا کریں ،ٹریفک کی روانی اور عوام کی مدد انکی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر گرین ٹاؤن کاانچارج امان اﷲ دیگر اہلکاروں پٹرولنگ آفیسر عثمان اور ڈرائیور افضل کے ہمراہ پٹرولنگ کررہا تھا ۔انہوں نے ایک سبز نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل نمبر LEP/5041کو مشکوک جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا مگر موٹر سائیکل سوار اپنی رفتار بڑھاتے ہوئے فرار ہونے لگا جس پر انسپکٹر امان اﷲ نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ اسکا تعاقب کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔

(جاری ہے)

موٹر سائیکل سوار نے پکڑے جانے پر اپنا نام ارون اقبال بتایا اور اعتراف کیا کہ موٹر سائیکل پر لگی سبز نمبر پلیٹ و رجسٹریشن نمبر بھی بوگس ہے ۔ٹریفک اہلکاروں نے افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ملزم ارون اقبال کوموٹر سائیکل سمیت تھانہ لیاقت آباد کے حوالے کر دیاجس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔سی ٹی ا ونے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر تینوں اہلکاروں کوایک ایک ہزار نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فرض شناسی کی ایسی مثالیں ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔