جنرل ہسپتال میں بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی‘پروفیسر خالد محمود

کمیٹی امیدواروں کی درخواست کی وصولی سے لے کر انٹرویو اور میرٹ کے مطابق بھرتی تک تمام عمل کی نگرانی کرے گی تمام بھرتیاں میرٹ کے اصول پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے مکمل طور پر شفاف انداز میں ہوں گی،پرنسپل پوسٹ گریجو یٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ

پیر 27 جولائی 2015 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء )پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر خالد محمود نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں گریڈسولہ تک ہونے والی بھرتیوں کو بے ضابطگیوں سے پاک کرنے اور اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی میرٹ پالیسی کو یقینی بنانے کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ کمیٹی امیدواروں کی درخواست کی وصولی سے لے کر انٹرویو اور میرٹ کے مطابق بھرتی تک تمام عمل کی نگرانی کرے گی۔

واضح رہے کہ ہسپتال کی پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے انتظامیہ کی جانب سے بھرتیوں کے عمل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد مذکورہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی کے سربراہ جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کیپٹن ریٹائرڈ ڈاکٹرنیازاحمد ہوں گے جبکہ ارکان میں پروفیسر ڈاکٹر نجم الحسنین، ڈاکٹر ملک انجم جمال، ڈاکٹر محمد تنویر انور، ڈاکٹر قیصر پروین، ڈاکٹر شاہد محمود میواور رانا پرویز صدر پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ ہسپتال میں تمام بھرتیاں میرٹ کے اصول پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے مکمل طور پر شفاف انداز میں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی تشکیل دی گئی کمیٹی بھرتیوں کے عمل کو ہر قسم کی بے ضابطگیوں اور میرٹ کی خلاف ورزیوں سے پاک کرے گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی حقدار کی حق تلفی نہ ہو۔