کراچی ،بلاول بھٹو زرداری نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے کوائف کا اندراج کرادیا

چیئرمین پیپلز پارٹی انتہائی سخت سکیورٹی میں پاسپورٹ آفس صدر پہنچے ،شاہراہ عام ٹریفک کے لیے بند کردی گئی

پیر 27 جولائی 2015 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیر کو پاسپورٹ آفس صدر میں اپنے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے کوائف کا اندراج کرادیا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری بلاول ہاؤس سے انتہائی سخت سکیورٹی میں پاسپورٹ آفس صدر پہنچے ۔اس موقع پر اطراف کی شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔جبکہ پاسپورٹ آفس کے اطراف کی سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے پانچ سے سات منٹ میں اپنے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے کوائف کا اندراج کروایا اور تصویریں بنوائیں۔اس موقع پر کوائف کی تجدید کے لیے انہیں وی وی آئی پی سہولیات فراہم کی گئیں ۔کوائف کا اندراج ہوتے ہی وہ سخت سکیورٹی میں بلاول ہاؤس روانہ ہوگئے ۔واضح رہے کہ ان کی آمد سے قبل پاسپورٹ آفس کے اطراف میں بلدیہ جنوبی کی طرف سے صفائی کی گئی اور وہاں موجود کچرے کے ڈھیر ہٹادیے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے کوائف کا اندراج ہوگیا اور جلد ہی انہیں نیا پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا ۔