بارشوں اور سیلابی پانی سے متاثرہ 7 اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی ضرورت وطلب کے مطابق8600 خیمے تقسیم کئے جا چکے ہیں‘جواداکرم

پیر 27 جولائی 2015 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء ) پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلابی پانی سے متاثرہ 7 اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی ضرورت اور ان کی طلب کے مطابق8600 خیمے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ 136 فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں متاثرین کو انتظامیہ کی طرف سے کھانا باقاعدگی سے فراہم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مختلف متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کی طر ف سے 26 ہزار67 متاثرہ لوگوں میں پکا پکایا کھانا مہیا کیا گیا جبکہ 20 کلو گرام پر مشتمل53000 فوڈ ہیمپرز اور 72 ہزار منرل واٹر بوتلیں بھی تقسیم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو مچھروں سے بچاؤ کے لئے 7 ہزار مچھر دانیاں بھی دی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ نے 232 کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے لوگوں کو انخلا کیا اور انہیں طبی سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 20 کلو گرام پر مشتمل53 ہزار فوڈ ہیمپرز بھی متاثرین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ مال مویشیوں کو 10 ہزار 925 دس کلو گرام پر مشتمل چارے کے بیگ اور 4 لاکھ79 ہزار 78 مویشیوں کو ویکسنیشن دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :