سیلاب متاثرہ اضلاع کو 8600ٹینٹ اور 232کشتیاں فراہم کی جاچکی ہیں‘چیف ریلیف کمشنر پنجاب

4لاکھ 79ہزار مویشیوں کی ویکسینیشن کی جاچکی ،پی ڈی ایم اے کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ندیم اشرف کا سیالکوٹ میں ندی نالوں کے پشتوں کا معائنہ ، انتظامیہ کوسیلاب سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات جلدمکمل کرنے کی ہدایت

پیر 27 جولائی 2015 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء ) چیف ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیاء خوردونوش و ضروریہ مہیا کر دی گئی ہیں۔انہوں نے اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ 7اضلاع کی انتظامیہ کو اب تک 8600ٹینٹ اور 232کشتیاں فراہم کی جاچکی ہیں اورمتاثرہ اضلاع کے 136ریلیف کیمپوں میں موجود26,067لوگوں کو تینوں وقت کھانافراہم کیا جار ہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع کے متاثرین میں 7ہزار مچھردانیاں، منرل واٹرکی 72000 بوتلیں، 53000فوڈ ہیمپرز اور10کلوکے 10925ونڈہ بیگ تقسیم کئے جاچکے ہیں جبکہ4لاکھ 79ہزار مویشیوں کی ویکسینیشن کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چیف ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ سیالکوٹ میں واقع ندی نالوں کے بندوں کا معائنہ کیا۔ بعدازاں انہوں نے اس حوالے سے ڈی سی اوسیالکوٹ کے کمیٹی روم میں ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب سے بچاؤ کے تمام پیشگی انتظامات جلد مکمل کئے جائیں تاکہ نشیبی علاقوں سے سیلابی پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ سے گزرنے والے برساتی نالوں کی صفائی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پانی کابہاؤ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے اور وہ کسی بھی مقام پر آبادی کیلئے نقصان کا باعث نہ بنے۔ چیف ریلیف کمشنر نے کہاکہ ضلع بھر میں جہاں بھی سیلاب کاخطرہ موجود ہے وہاں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کئے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کو ان کی ضرورت کے مطابق 500خیمے، 500پلاسٹک میٹ اور 500مچھردانیاں فراہم کر دی ہیں۔اس موقع پر ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایاکہ ضلع بھر کے نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے،فلڈمانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کر دیاگیا ہے جبکہ کشتیاں، لائف جیکٹس، ڈی وائرنگ سیٹس، ادویات اور اشیاء خوردونوش و ضروریہ بھی موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :