ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت سینیٹ ہاوس کمیٹی کا اجلاس

پارلیمنٹ لاجز میں جاری تعمیراتی کام میں ہونیوالی پیشرفت ، ڈسپنسری کی کارکردگی ،پارلیمنٹ لاجز بارے اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا کمیٹی اراکین کا پارلیمنٹ لاجز کی صفائی ، ڈاکٹروں کی غیر حاضری اور بد انتظامی پر شدید تحفظات کا اظہار

پیر 27 جولائی 2015 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء ) سینیٹ ہاوس کمیٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پارلیمنٹ لاجز میں جاری تعمیراتی کام میں ہونیوالی پیش رفت ، ڈسپنسری کی کارکردگی اور پارلیمنٹ لاجز کے حوالے سے دیگر اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کے ارکان نے پارلیمنٹ لاجز کی صفائی ، ڈاکٹروں کی غیر حاضری اور بد انتظامی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار ہدایا ت کے باوجود متعلقہ ادارے اور حکام سست روی سے کام لے رہے ہیں اور بہتری کی جانب کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی ۔کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کووارننگ دی کہ شکایات کے باجود مسائل کے حل پر توجہ نہ دینا انتہائی افسوسناک امر ہے اور آئندہ اس قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈسپنسری کو تہہ خانے سے کسی دوسری موضوں جگہ پر منتقل کرنے کی بھی ہدایات دیتے ہوئے سی ڈی اے سے سفارشات طلب کیں ۔کمیٹی نے لاجز میں جاری تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات دیں اور فیصلہ کیا کہ کمیٹی کل مورخہ 28جولائی 2015کوتعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے زیر تعمیر بلاک کا دورہ کرے گی ۔ڈسپنسری کو درپیش سٹاف کے مسائل اور اضافی ایمبولینس کی خریداری کے حوالے سے کمیٹی میں یہ فیصلہ کیا کہ سیکریٹری فنانس کو اگلے اجلاس میں طلب کیا جائے اور فنڈ ز کی فراہمی کے لئے وزارت فنانس کی مشاورت سے مناسب اقدامات کئے جائیں ۔

کمیٹی نے مختلف سینٹرز کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز کی رہائش گاہوں میں معمولی نوعیت کے تعمیراتی کام پر پوری طرح عمل نہ ہونے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سی ڈی اے اپنی کارکردگی میں بہتری لائے اور چھوٹی چھوٹی شکایات کا بر وقت ازالہ کیا جائے ۔کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز سردار فتح محمد محمد حسنی ،مولانا عطا الرحمان اور مسز ستارہ ایاز شریک ہوئے جبکہ کیبنٹ سیکریٹریٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری کے علاوہ پولی کلینک کے اعلیٰ حکام اور سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :