سیلاب متاثرہ علاقوں کی ایک ایک ضرورت پوری کرینگے،متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دینگے ‘شہبازشریف

سیلاب سے نمٹنے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے فلڈکے اراکین اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ تمام حفاظتی انتظامات بروقت مکمل رکھیں سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے لوگوں کا بروقت انخلا یقینی بنایا جائے ،محفوظ انخلاء کے حوالے سے کوئی عذر قبول نہیں کروں گا وزیراعلیٰ نے طبیعت کی ناسازی کے باوجود جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال ،حفاظتی انتظامات اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں،،وزیراعلیٰ کی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ اورانتظامی افسران کو ضروری ہدایات

پیر 27 جولائی 2015 17:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے طبیعت کی ناسازی کے باوجود جنوبی پنجاب میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال ،حفاظتی انتظامات اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیااوراس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ اورمتعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے فلڈ اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ تمام حفاظتی انتظامات بروقت مکمل رکھیں۔

جہاں سیلاب کا خدشہ ہے، ان علاقوں سے لوگوں کا بروقت انخلا یقینی بنایا جائے اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے محفوظ انخلاء کے حوالے سے کوئی عذر قبول نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیلاب کے پیش نظر جنگی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ سیاسی و انتظامی ٹیم تفویض کردہ علاقوں میں موجود رہے اور تمام صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی ایک ایک ضرورت پوری کریں گے۔ متاثرہ افراد کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اوران کی مدد کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔پاک افواج، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے متحرک انداز میں کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیاں تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کیمپوں میں ضروری ادویات کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہیے۔

جنوبی پنجاب کے متاثرہ دیہات میں اضافی بوٹس بھی بھجوائی جائیں- انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے بڑھ چڑھ کر متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں - زیر آب آنیوالے دیہات کے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی بس میں جو کچھ بھی ممکن ہو، وہ حفاظتی انتظامات اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے نظر بھی آنا چاہیے۔

2010ء کی طرز پر سیلاب متاثرین کی آبادکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ میں خود سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لیہ کے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کرنا تھاتاہم طبیعت کی ناسازی کے باعث وزیراعلیٰ لیہ نہ جاسکے۔وزیراعلیٰ جلد لیہ کا دورہ کریں گے اورسیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :